اٹک،06 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے بیت المال و سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری نے سوئی گیس میگا پروجیکٹ کے لیے اعوان شریف پھاٹک پر پائپ لائن بچھانے کے لیے سروے مکمل ہونے کے بعد منصوبے کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے تعطل کا شکار اعوان شریف پھاٹک کے پاس سوئی گیس لائن پر آج سروے مکمل کیا گیا ۔
سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ اعوان شریف اور دارالسلام کالونی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے لیے خصوصی کاوش کے ذریعے لائن منظور کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے تقریباً 40 ہزار سے زائد کی آبادی کو فائدہ ہو گا اور سوئی گیس کے کم پریشر سے نجات ملے گی اور اگلے تیس سال تک عوام کو یہ سہولت میسر رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ زم زم ریسٹورنٹ سے شروع ہو کر شیروں والا چوک اور پیپلز کالونی تک پائپ لائن بچھا کر مین لائن سے جوڑ دینا شامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے اعوان شریف، پیپلز کالونی سمیت دیگر علاقوں کے رہائشی گیس کی قلت اور کم پریشر سے نجات حاصل کر سکیں گے۔
ایکسیئن پروجیکٹ ڈویلپمنٹ سوئی نادرن فرید اللہ اور تنظیم اقبال پاشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔