اٹک ؛ خصوصی افراد میں ویل چیئرز اور راشن بیگز تقسیم

36

اٹک،27 نومبر (اے پی پی ): گورنمنٹ ایم سی سکول اٹک میں خصوصی افراد میں ویل چیئرز اور راشن بیگز تقسیم   کیا  گیا۔ صوبائی  وزیر سید یاور عباس بخاری کی انتھک کوششوں  کی وجہ سے آج این جی او nowpdp کے تعاون سے محکمہ سماجی بہبود و بیت المال اٹک  25 ویل چیئرز کے ساتھ  45 راشن بیگز خصوصی  افراد میں تقسیم کر رہا  ہے، یہ ویل چئیرز جدید ترین، واٹر پروف اور آرام دہ ہیں۔

اس موقع پر مقررین  نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ  صوبائی وزیر سماجی بہبود اور بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری خصوصی افراد کی فلاح و بہبود  کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی بہبودو بیت المال کا مقصد خصوصی افراد کو معاشرے اور ملک کا کارآمد شہری بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سید یاور عباس بخاری کی کاوشوں کی بنا پر حکومت پنجاب نے   سماجی بہبود المال و بیت المال کو دگنی فنڈنگ کی جو ایک ریکارڈ ہے،سابقہ ادوار کی نسبت یہ محکمہ اب  اپنی ایک پہچان رکھتا ہے ۔

تقریب میں بتایاگیا کہ اٹک میں جلد ہی میڈیکل سوشل سروس یونٹ   قائم  کیا جائے گا۔ ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے تین فیصد کوٹہ،کھیلوں کی سرگرمیوں، روزانہ اجرت پر ملازمت کے حصول سمیت خصوصی افراد کی مکمل بحالی کی مختلف سکیموں پر کام جاری ہے۔  سماجی بہبود و بیت المال پنجاب خصوصی افراد کو ملک و ملت کے لیے فعال شہری بنانے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے اور یہ کوشش ان کی بھرپور ترقی کے لیے جاری رہے گی۔