ایبٹ آباد، پولیس نے دس روزہ مہم کے دوران تیس منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا

30

ایبٹ آباد۔15نومبر  (اے پی پی):ایبٹ آباد پولیس نے ضلع کو منشیات سے پاک کرنے حوالے سے جاری دس روزہ مہم کے دوران تیس منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پیر کو انسداد منشیات ٹیم نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کرتے ہوئے تیس سمگلروں کو گرفتار کیا جن میں سے 19آئس ڈرک سمگلر شامل ہیں ۔ گرفتار سمگلروں سے لاکھوں روپے مالیت کی 3.726 کلوگرام آئس ،6.680 کلوگرام ہیروئن، 31 کلوگرام حشیش اور 176 بوتلیں شراب برآمد کرلی۔ اس 10 روزہ مہم کا آغاز ڈی پی او ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ضلع بھر کے پولیس اسٹیشنوں نے اپنے اپنے علاقوں میں سمگلروں کے خاتمے کیلئے سخت کریک ڈائون کیا ۔ ڈی پی او نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرنے پر پولیس کی بہترین کارکردگی کوسراہا۔ پولیس اسٹیشنوں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے کہا کہ منشیات فروش خاص طور پر آئس ڈیلر ہمارے نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ہمیں ان کے خلاف خاص طور پر سختی سے کارروائیاں کی جائیں گی۔