اسلام آباد ،05 نومبر (اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل تھی،چونکہ ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں،ہم نے محنت کر کے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر پر لے آئے،پھر کورونا وباء نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی قیادت سے گفتگو میں کیاجنہوں نے جمعہ کو یہاں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی،ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا،تاہم ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کرونا وباء کا مقابلہ کیا اور اس چیلینج سے نمٹنے میں کامیاب رہے،بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پزیرائی کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اٹرات کا پوری طرح سے احساس ہے،مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں ،جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا احساس سبسڈی پروگرام کے ذریعے وفاق اور صوبائی حکومت مل کر مستحق گھرانوں کو آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے سود کے بغیر قرضےفراہم کرے گا۔ گھر تعمیر کر نے، چھوٹا کا رو بار شروع کرنے ، اسکلز ٹریننگ پروگرام اور چھوٹے کسان کے لیے قرضہ دیے جائیں گے،کامیاب جوان پروگرام پہلے سے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکے کوئی مستحق پروگرام سے باہر نا رہ جائے،کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہں کیا،ہر سطح پر اپ ان تمام پروگرامز کا فائدہ اپنے اپنے علاقوں میں غرباء تک پہنچائیں ،ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے،کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،مقامی سطح کی قیادت متحرک ہو کر غریب اور مسحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام پر توجہ مرکوز کریں۔
صوبائی وزیر صحت ڈکٹر یاسمین راشد، ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق، اراکین پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری، ملک محمد انور، ملک جمشید الطاف اور پی ٹی آئی اٹک کی پارٹی قیادت ملاقات میں شامل تھے۔