کراچی،29نومبر (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے سامنے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے کے لیے اعلی اخلاقی اقدار کے ساتھ بہترین معیار کی پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اے ایس ایف قومی جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اکیڈمی میں BASC-49 ایئرپورٹ سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اے ایس ایف اکیڈمی میں 24 ہفتوں کا ایئرپورٹ سیکیورٹی ٹریننگ کورس مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔صدرمملکت نے کہا کہ جب آپ قومی سلامتی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے عوام کے ساتھ شائستگی سے پیش آتے ہیں تو آپ کی پیشہ ورانہ مہارت کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور عوام کے میں مثبت تاثر بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی وباء کے دوران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور افغانستان سے حالیہ انخلاء کے دوران خدمات فراہم کرنے پر اے ایس ایف کو سراہا گیا ہے جس سے دنیا میں بھی مثبت تاثر گیا ۔
انہوں نے اے ایس ایف میں خواتین کی اچھی تعداد میں شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اس قول کا حوالہ دیا کہ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا اور خوشحال ہوگا جب خواتین ہر میدان میں حصہ لیں گی۔
قبل ازیں انہوں نے تربیتی کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ اے ایس ایف اکیڈمی لیفٹیننٹ کرنل یاور عباس نے اکیڈمی کی تاریخ اور بین الاقوامی معیار کے سیکورٹی کورسز/ٹریننگ کے بارے میں شرکاء کو آگا ہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایس ایف ملک کے 28 ایئرپورٹس پر سیکیورٹی سروس فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک اے ایس ایف کو پیشہ ورانہ خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دو دفعہ ستارہ شجاعت اور 23 تمغہ شجاعت سے نوازا گیا ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عابد لطیف خان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر جنرل صلاح الدین ایوبی کے علاوہ تاجر رہنماوں، سفارت کاروں اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔