برسلز ؛پاکستانی سفارتخانے کا بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے 11ویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

40

برسلز،30نومبر  (اے پی پی):برسلز   میں پاکستانی    سفارت خانے نے  بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے 11 ویں کھلی کچہری کا انعقاد ورچوئل فارمیٹ میں کیا ۔ سفیرِ پاکستان  برائے بیلجئم ، لکسمبرگ  اور یورپی یونین   ظہیر اسلم جنجوعہ  نے حکومتِ پاکستان کے   پاکستانی کمیونٹی  کی سہولت کے لئے کئے گئے  اقدامات  کے حوالے سے گفتگو  کر تے ہوئےکہا   کہ  حال ہی میں پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور سرحدی گزرگاہوں   پر ٹیکس فیسیلیٹیشن  پوائنٹس قائم کئے گئے  ہیں ، یہ تمام  پوائنٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رہنمائی،آگاہی اور بہتری کے لئے قائم کئے گئے ہیں ۔

 سفیرِ پاکستان نے   کہا کہ حکومتِ پاکستان نے موجودہ  حالات کے مدِنظر اور جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے   پاکستانیوں کے لئے  پاور آف اٹارنی  کی تصدیق  کے لئے   آن لائن سسٹم متعارف کروا دیا ہے جوکہ ابتدا میں یوکے اور یو ایس اے میں     نافذ العمل ہو گا  اور جلد ہی یہ سہولت دیگر ممالک کے لئے بھی شروع کر دی جائے  گی ۔ انہوں نے   پاکستانی کمیونٹی  کی سہولت کے لئے مختلف وزارتوں میں قائم کئے جانے والے  سہولت ڈیسکس  کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

      سفیرِ پاکستان  نے    بیروں ملک مقیم  پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر  دل کی گہرائیوں سے مبارک باد  دی، اور کہا   کہ اس اقدام  سے بیرون ملک مقیم پاکستانی  عملی طور پر پاکستان کی سیاست اور حکومت میں سیاسی  حصہ دار بن گئے ہیں۔

 حال ہی میں  بیلجیئم  انڈر 18  باکسنگ  ٹائٹل جیتنے والے   پاکستانی نژاد  باکسر عمر شایان احمد کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر ِ پاکستان  ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی  انتہائی صلاحیتوں  کے مالک  ہیں اور وہ ملک کے مثبت تصور کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

کورونا کی نئی لہر کا  ذکر کرتے ہوئے  انہوں  نے کہا  کہ ہم سب اس وبا کے باعث  ذہنی طور پر  تھک چکے ہیں۔ تاہم یہ بات اہم ہے  کہ  اس تھکن کے باوجود ہم انتہائی احتیاط سے کام لیں  کیونکہ احتیاط ہی اس وبا کے خلاف  بہترین دفاع ہے۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے  وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔

آن لائن کھلی کچہری  میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  نے شرکت کی۔   کمیونٹی  ممبران نے سفارت خانے  کی کوششوں کو سراہا۔