کوئٹہ،29 نومبر(اے پی پی ): سیکرٹری تعلیم عبدالرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کےطلباﺅطالبات میں کسی بھی قسم کی کوئی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ہمیں اپنے بچوں کی صلاحتیوں پر فخر ہے اور ہمارے بچے ملک کے کسی بھی حصے کے طالب علموں سے کم نہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے بوائز سکاوٹ میں محکمہ تعلیم اور نیب بلوچستان کے زیر اہتمام کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی جی ایجوکیشن عبدالواحد اور ڈی جی نیب بلوچستان محمد رفیق میمن بھی تھے۔
دوران تقریب سیکرٹری تعلیم نے کہا ہے اآج کے تقریری مقابلے سن کر بے حد خوشی ہوئی ہمارے طلباء کسی بھی طرح سے کسی سے کم نہیں جس طرح سے کھل کر بچوں نے تقاریر کیں وہ سب کے سامنے ہیں اورہم اس موقع پر فخر محسوس کررہے ہیں جس طرح سے ہمارے بچوں بچیوں نے تقاریر کی اور کرپشن کے حوالے سے روشنی ڈالی کیونکہ تعلیم کے ساتھ ہی ایسے پروگراموں کا انعقاد ہوتا ہے اور ہم اس میں کسی بھی طرح سے اپنے بچوں کو کم نہیں سمجھتے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواحد نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ ہمارے صوبے کے مختلف اضلاع کے بچوں نے آج کرپشن کے حوالے سے بات چیت کی اور اپنے بچوں کو اب ملک کے کونے کونے تک لے کر جائیں گے اور ان کی صلاحتیوں کا لوہا منوائیں گے جبکہ ڈی جی نیب محمد رفیق میمن کا کہنا تھا کہ کرپشن ایک ناسور ہے اس کی جڑ تک ہمیں پہنچنا ہے اور بلوچستان خصوصاً کوئٹہ کے بچوں نے آج تقریری مقابلوں میں حصہ لیکر ثابت کر دیا کہ وہ کسی طرح سے بھی کسی سے کم نہیں۔ تقریب میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔