بہاولنگر،07 نومبر(اے پی پی):ضلع بھر میں چینی ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے دوسرے روز 29 مقامات پر چھاپے مار کر غیر قانونی ذخیرہ کی گئی چینی کی 2321 بوریاں برآمد کرلیں، پکڑی گئی چینی کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے، ذخیرہ اندوزی پر 6 ڈیلرز کے خلاف بھی کاروائی کی گئی اور 7 گوداموں کو سیل کردیا گیا جبکہ چینی کی مہنگے داموں فروخت پر 6 ایف آرز درج کی گئیں اور 19 افراد کو گرفتار کرکے 121500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ حکومتی مقررہ قیمت پر چینی کی فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے ، چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز سے جاری رہے گا