بہاولنگر، 15 نومبر (اے پی پی ):ضلع میں خسرہ روبیلا کی قومی مہم کا ضلع بھر میں آغاز کردیا گیا موذی امراض کے خلاف شروع ہونے والی قومی مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر بخاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر یاسین ملک ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد اقبال ، محکمہ صحت کے افسران پیرا میڈیکل سٹاف، والدین اور بچے موجود تھے۔
محکمہ صحت کے مطابق مہم کے دوران ضلع بھر میں 9 ماہ سے 15 سال تک کے 12 لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں کو میزل اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے مہم کے دوران 154 فکس پوائنٹ اور 808 ٹیمیں فیلڈ میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو مہم کے دوران لازمی حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔
بعدازاں خسرہ روبیلا مہم سے شہریوں کو آگاہی کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال سے منچن آباد چوک تک موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی گئی۔