کوئٹہ، 30نومبر(اے پی پی): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی رابطہ کاری کیلئے زبان و ادب اور ثقافت سے ہم آہنگ ہونا انتہائی ضروری ہے،دنیا میں ان قوموں نے ترقی پائی جنہوں نے زبان اور اپنے اقدار کو سنبھالے رکھا اس ضمن میں ماڈرن لینگویجز کے فروغ میں نمل یونیورسٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمل یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ہونہار ہیں، ان کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے یونیورسٹی کی جانب سے جدید علوم اور مختلف زبانوں کےکورسز کارگر ثابت ہورہے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بلوچستان سمیت ملک بھر میں تعلیمی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے طلباءمیں اسنادتقسیم کیں اور ادارےکی کارکردگی کو سراہا۔بعدازاں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے یونیورسٹی کیمپس نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کیا اور کیمپس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔انھیں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سےبریفنگ بھی دی گئی، ہلال احمربلوچستان کے چیئرمین باری بڑیچ سمیت دیگر شرکاءانکے ہمراہ تھے۔