تاجر اور کاروباری حضرات کو تحفظ اور ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے؛گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا

25

پشین،28نومبر(اے پی پی): گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ تاجر اور کاروباری حضرات کو تحفظ اور ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تجارت کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے پائیدار امن قائم کرنا اوولین شرط ہے، اجتماعی نوعیت کے مسائل کا فوری اور بروقت حل ڈھونڈنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پشین مقامی ریسٹ ہاؤس  میں  تاجر سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین ، ڈپٹی کمشنر پشین محمد ظفر ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالحق عمرانی سمیت صنعت وتجارت سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

 تاجر سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ عالمی وبا کورونا کے باعث کاروباری مراکز اور بارڈرٹریڈ کی بندش کی وجہ سے تاجر اور کاروباری حضرات کئی مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجود حکومت  نے تمام معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے شعوری کاوشیں کیں ہیں۔

 گورنر بلوچستان نے کہا کہ منشیات کے مکمل خاتمے اور نشے کے عادی افراد کے علاجِ معالجہ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اس سلسلے میں بہت جلد ایک ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین اور دیگر متصل اضلاع کے طلباء اور طالبات کو ہائیر ایجوکیشن کے ثمرات سے مستفید کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں. بجلی، صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہم ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں اور عوام کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے بھی بات کی جائے گی۔

 آخر میں گورنر بلوچستان نے تاجر سیمینار کے شرکاء اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔