جامعات تحقیق کریں اور مغرب کے روحانی و خاندانی نظام کے زوال کو اجاگر کریں؛ وزیراعظم عمران خان

42

جہلم، 29نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے   پیر کو القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتےہوئے   کہا ہے کہ جامعات تحقیق کریں اور مغرب کے  روحانی و خاندانی نظام کے زوال کو اجاگر کریں۔انہوں  نے کہاکہ پاکستان میں یونیورسٹیوں میں تحقیق کی ضرورت ہے ۔اپنی آنے والی نسلوں کو مغربی تہذیب سے آگاہ کرنے کے لئے تحقیق ضرور ی ہے تاکہ انہیں بتایا جائے کہ مغرب میں اگر ٹیکنالوجیکل ترقی نظر آ رہی ہے تو دوسری طرف ان کی عبادت گاہیں خالی ہو رہی ہیں ۔صرف  مادی  ترقی سے معاشرے میں عدم توازن پیداہورہا ہے۔ اس حوالے سے ہماری نوجوان نسل ابہام کا شکار ہے۔ اس ترقی کو دیکھ کر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔ مغرب میں ہونے والی اس ترقی کے اثرات کے حوالے سے تحقیق کرنا یونیورسٹیوں کا کام ہے۔