جلالپورپیروالا؛ کھاد بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری

36

جلالپور پیر والہ، 28 نومبر (اے پی پی ): جلالپورپیروالا میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی بلیک میں فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود کی طرف سے سول ڈیفنس عملہ کے ہمراہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری  ہے ۔اس سلسلے میں نواحی بہادر پور ،چن والا ،غازی پور اور غلہ منڈی میں مقامی تاجروں کے گوداموں پر چھاپہ مار  کر   کے سٹاک کرکے چھپائی گئی یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی 400 سے زائد بوریاں برآمد کرلیں اور گوداموں کو بھی سیل کردیا گیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر نے کھاد کا مصنوعی بحران پیدا کرنے اور بلیک میں فروخت کرنے والے تاجروں کو لاکھوں کا جرمانہ بھی کیا۔ اس موقع پر  اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود کا کہنا تھا کہ کھاد بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھارہے ہیں اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ ملک میں کسی چیز کا بحران نہیں ہے چند عناصر ناجائز کمائی کی آڑ میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جن کی خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام ایسے عناصر کی فوری معلومات  دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔