لاہور،29نومبر( اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کے تمام خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی سہولت بہت بڑا منصوبہ ہے۔حکومت پاکستان اس منصوبہ پر330ارب روپے خرچ کررہی ہے، پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت سہولت کارڈ انتہائی عمدہ اقدام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد اور وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی صدارت میں ایوان وزیراعلیٰ میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے اجلاس سے وڈیولنک خطاب میں کیا۔ اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک شاندارمنصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام خاندانوں میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حوالہ سے تمام اقدات آخری مراحل میں ہیں وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے لاہوراور راولپنڈی کے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ تقسیم کریں گے۔عمران خان پنجاب کی تمام عوام کویکم جنوری سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت دینے جارہے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو یونیو رسل ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کیلئے مزیدہسپتالوں کو ام پینل کیاجارہاہے۔ ڈی جی خان اور ساہیوال کی ڈویژنزکے تمام خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کرچکے ہیں۔
صوبائی وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں بین الاقوامی معیارکی سہولیات فراہم کرنا عمران خان کی اولین ترجیح ہے،پنجاب کی عوا م کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت دے کروزیراعظم عمران خان کا خواب پوراکرنے جارہے ہیں، پنجاب کی عوام کا معیارزندگی بلندکرنے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے۔
اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری عامرجان، چیئرمین پی این ڈی،محکمہ صحت کے سیکرٹری وافسران،برسٹرنبیل اعوان اورپنجاب ہیلتھ انشورنس مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔