خیرپور،10نومبر(اے پی پی) پولیس ہیڈکوارٹر میں وومین اینڈ چلڈرن پروٹیکشن سیل کی جانب سے عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے بارے میں آگاہی کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جسکی صدارت ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد انور بگٹی نے کی۔
سیمینار میں انچارج وومین اینڈ چلڈرین پروٹیکشن سیل انسپکٹر مہناز بوزدار نے بریفنگ دی اور کہا کہ تمام متاثرہ خواتین اپنی شکایات موبائل ایپ، ویب پورٹل اور ٹول فری نمبر 9110 کے ذریعے درج کرواسکتی ہیں،آن لائن ایپ پر شکایت درج کرنے کے بعد پولیس جی پی ایس کی نوعیت سے ٹریک کرکے کچھ ہی لمحوں میں متاثرین تک رسائی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضلع بھر میں کہیں بھی چھوٹے بچوں اور عورتوں کے ساتھ زیادتی، تشدد، طلاق، حق مہر، مارنے کی دھمکیاں، عورتوں اور بچوں کو گھر میں قید کرنا، اغوا، سیاہ کاری، چھوٹی عمر میں زبردستی شادی کروانا، سائیبر کرائیم، فحاشی کے اڈوں پر زبردستی بٹھانا، عورتوں کو خرید و فروخت کرنا، بلیک میلنگ، بچوں اور عورتوں کو اسمگلنگ جیسے مسائل درپیش ہیں تو فوراً اطلاع دیں اور فوراً کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی/تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
سیمینار میں ڈی ایس ہیڈ کوارٹر مہدی رضا آرائیں ،پی اے ٹو ایس ایس پی سید پرویز علی شاھ ضلع کی تمام این جی اوز، وکلاءاور لیڈیز پولیس نے شرکت کی۔