ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خووروں کےخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا؛ عثمان ڈار

17

 سیالکوٹ،6نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم  کے معاون خصوصی  برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو آڑھے ہاتھوں لیا جا ئے گا۔ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خووروں کےخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان عثمان ڈار نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں  ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ  شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی اسکیمز پر کام جاری ہے، ان منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے،ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہر کی سڑکوں کی کھدائی کی گئی ہے اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔

 عثمان ڈار  نے کہا کہ ہمیں شہریوں کی مشکلات کا پورا ادارک ہے تاہم شہر کے درینہ مسائل کے حل کیلئے ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان مشکلات کو برداشت کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس متحرک ہو۔انہوں کہا کہ کشمیر روڈ سمیت  تمام اہم روڈز پر تجاوزات کا سدباب ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے اس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر رہنماپاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس اعوان اوروزیر اوقاف آزاد کشمیر  صاحبزادہ حامد رضا بھی موجو د تھے ۔