رحیم یار خان،15 نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے ضلع میں خسرہ و روبیلا کی قومی مہم کا افتتاح کر دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا کہ خسرہ و روبیلا انجیکشن مہم میں 9ماہ سے 15سال تک کی عمر کے بچوں کو انجیکشن لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں 20لاکھ53ہزار بچوں کو خسرہ و روبیلا کی ویکسین لگائی جائے گی، خسرہ و روبیلا مہم کی انجام دہی کے لئے1445فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2734سوشل موبلائز، 150ویسٹ منیجمنٹ کی ٹیمیں مہم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 268فرسٹ لیول سپر وائزر اور 122یو سی ایم او مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔خسرہ و روبیلا کی قومی مہم 15تا27نومبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو موذی امراض سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں جبکہ 9ماہ سے15سال تک کی عمر کے بچوں کو والدین ویکسین ضرور لگوائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں اس مہم کے دوران عوامی نمائندگان، علماء کرام، مذہبی اکابرین، اساتذہ کرام سے موثر روابط کو یقینی بنائیں،اس مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کرنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان، ڈی ایچ او ڈاکٹر زبیر اقبال ڈاکٹر اسامہ افتخار، ڈاکٹر عمران عباس بھی شریک ہوئے۔