ریونیو عوامی خدمت کچہریاں،محکمہ مال سے متعلقہ مشکلات و مسائل کے حل کے لئےکلیدی کردار ادا کر رہی ہیں؛ کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی

33

اوکاڑہ،02نومبر(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا مقصد جہاں لوگوں کے محکمہ مال سے متعلقہ معاملات کو حل کرنا ہے وہیں پر سرکاری دفاتر کو جواب دہ بنانا اورریڈٹیپ ازم کاخاتمہ بھی ہے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار لوگوں کے مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے لئے نہ صرف خود فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں بلکہ تمام سرکاری افسران کو بھی عوامی فلاح و بہبود اور لوگوں کے مسا ئل کے حل کے لئے متحرک کیا ہوا ہے، زمین جائیداد کے معاملات کو شفاف انداز میں حل کرنے اور محکمہ مال سے متعلقہ مشکلات و مسائل کے حل کےلئےریونیوعوامی خدمت کچہریاں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے ہمراہ تحصیلدار آفس اوکاڑہ میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں پیش کی گئی سائلین کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آصف نواز سمیت تمام متعلقہ افسران اور محکمہ مال کا عملہ بھی موجود تھا۔ انہوں نے سائلین سے محکمہ مال کے دفاتر کی کار کردگی ،تحصیلدار قانون گو اور پٹواری کے طرز عمل اور لوگوں سے روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق بھی دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے سرکاری دفاتر سے متعلقہ معاملات خصوصاََ زمین، جائیداد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، عوامی کو ریلیف دیا جائے اور لوگوں کو بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ مال کا فیلڈ سٹا ف اپنے اپنے حلقہ سے متعلق شکایات کی موقع پر جا کر تصدیق کریں اور اس کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تواتر سے منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہریو ں کے ذریعے حل ہونے والے مسائل اور لو گوں کو فراہم کی جانے والی سہو لیات سے متعلق بتایا۔