سکھر؛ ریلوے پولیس افسران و اہلکار ٹرینوں سمیت مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں،ایس پی ریلوے پولیس، امجد منظور

37

سکھر،23نومبر(اے پی پی):ایس پی ریلوے پولیس سکھر ڈویژن امجد منظور نے کہا ہے کہ ریلوے پولیس افسران و اہلکار ٹرینوں سمیت مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں، اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے سر انجام دیں اور مسافروں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں بصورت دیگر ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے افسران یا اہلکار کے خلاف محکمانہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، اہلکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایس پی آفس میں منعقدہ ماہانہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 دربار میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، ہیڈ کانسٹیبل، کانسٹیبل سمیت اسٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ماہانہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ریلوے پولیس امجد منظور نے ملکی و غیر ملکی صورتحال کے پیش نظر جرائم کی روک تھام پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں ، سیکیورٹی کے لیے جامع پروگرام تشکیل دیا۔مزید ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی گئی کے عدالتی مفروران و اشتہاریوں اور دیگر مجرمان کی گرفتاری عمل میں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ  مسافر حضرات کو ہر ممکن قانونی معاونت اور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ ہمارا فرض مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے انہوں نے دربار میں اہلکاروں کے مسائل بھی سننے اور جائز مسائل موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔