جہلم ،29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پیر کو یہاں القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ سیرت النبی ﷺ اور کردار کی پختگی کے لیے میڈیا اور ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کریں گے، لوگوں کو سیرت النبی ﷺ سے آسان زبان میں آگاہی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں جتنے کم وقت میں ایک سے بڑھ کر ایک عظیم انسان سامنے آیا دنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ، اس پر بھی اس یونیورسٹی میں تحقیق کریں گے کیونکہ یونیورسٹی کا بنیادی کام تحقیق ہوتا ہے۔ اسلام کی تاریخ میں سارے سائنس دان اور دانشور ایک ساتھ چل رہے تھے ۔ اسلام اور سائنس میں کوئی تصادم نہیں ۔