سیالکوٹ،09نومبر(اے پی پی): شاعر مشرق علامہ ڈاکٹرمحمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے 144ویں یوم پیدائش پر مرکزی کیک کٹنگ کی تقریب ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق کی زیر سربراہی اقبال منزل سیالکوٹ میں منعقد ہوئی۔اسپیشل اسسٹنٹ ٹو سی ایم چودھری احسن سلیم بریار، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ عمر سعید،اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیاصدف،سی او ایم سی ایس سیالکوٹ زبیر وٹو، ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد، ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، وائس چئیرمین ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ حافظ اصغر علی چیمہ، انچارج اقبال منزل ریاض نقوی،,سول ڈیفنس،ریسکیو وارڈنز اور اسکاؤٹس سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نےشرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ حکیم الامت،مفکر/محسن پاکستان علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کو ضلع سیالکوٹ میں بھرپور جوش و خروش اور عقیدت واحترام سے منانے کیلئے تمام سکولوں اور کالجز میں اقبال شناسی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔اقبال سے محبت اور عقیدت کا بہترین اظہار ان کی فرمودات اور تعلیمات پر عمل کرنا ہے،بالخصوص نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفہ خودی سے روشناس کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی یہ اولین ذمہ داری ہےکہ وہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی ہیروز کے مقام و مرتبہ کے بارے میں درست اور مکمل آگاہی دیں۔اس فکر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے آج کے دن تعلیمی اداروں میں روٹین کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے امام علی الحق شہید قبرستان میں مدفون علامہ محمد اقبالؒ کے والدین کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر علامہ اقبال اور ان کے مرحوم والدین کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی اورملک و قوم کی سلامتی،خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا بھی کی گئی۔