چمن، 26نومبر (اے پی پی):بلوچستان کے محتسب نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی،معیاری تعلیم،صحت کی سہولیات،انصاف تک آسان رسائی، اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ عوامی فلاح وبہبود کےدیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری مشینری اور عوامی نمائندوں کے درمیان مضبوط روابط نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر چمن کےکمپلکس میں ضلعی آفیسران کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اور کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انچارج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سرور بروہی ،ڈائریکٹر سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل، ڈی پی او محمد علی کاسی و دیگر صوبائی و وفاقی تمام محکمہ جات کے آفیسران سمیت علاقائی و سیاسی معتبرین اور عوام کثیرتعداد میں موجود تھے۔
کھلی کچہری میں علاقے کے لوگوں نےصحت کی سہولیات کی فراہمی،تعلیم،انصاف،معیاری خوراک،پینے کے صاف پانی،بجلی،نادرا ، تجاوزات،ٹریفک کے مسائل، ،منشیات سمیت دیگر درپیش مسائل پر سوال اٹھائے اور وتجاویز پیش کیں،صوبائی محتسب نے فرداًفرداً عوام کے مسائل سن کر ان کے تسلی بخش جوابات دیئے۔تمام حل طلب مسائل کے مناسب اور دیرپا حل کیلئے تمام وسائل بروۓ کار لائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کو اپنا شعار بنائیں، سائلین کی درخواستوں پرفوری عملدرآمد کویقینی بنائیں گے۔
نذرمحمد بلوچ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا مناسب اور فوری حل ضلعی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ جات کی ذمہ داری ہے اور باقی تمام مسائل کو بتدریج حل کرنا ہم سب کے باہمی اشتراک اور مخلصانہ کوششوں سے ہی ممکن بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی آفیسران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں،غیرحاضر آفیسران واہلکاروں کے خلاف سخت عملی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
بعد ازاں نذرمحمد بلوچ نے نیو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن کا دورہ کیا،اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالمالک اچکزئی نے ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگا کیا۔