پشین،02 نومبر(اے پی پی): صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے اور لوگوں کی شکایات براہ راست سننے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ریسٹ ہاؤس میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری کے دوران عوام نے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق شکایات پیش کیں۔
صوبائی محتسب نذر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی شکایات اور مسائل کے فوری حل کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں کھلی کچہریاں لگاکر متعلقہ محکموں کو احکامات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جائزکاموں میں رکاؤٹ پیدا کرنے اور انہیں پریشان کرنے والے افیسران و عملے کے خلاف کارروائی کیلئے ان کے متعلقہ اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی سرکاری محکمے کے خلاف اپنی شکایات ان کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ انہیں حل کیا جا سکے۔
صوبائی محتسب نذر بلوچ نے کہا کہ یہاں عوامی شکایات میں سرفہرست صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی بڑے اہم مسائل ہیں، صحت کے مسئلے پر سیکرٹری صحت سے بات کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ مراکز صحت میں طویل عرصے سے مختلف شعبہ جات میں میڈیکل سٹاف کی عدم تعیناتی سے عوام کو کئی مشکلات کا سامنا ہے، صحت، تعلیم اور پانی جیسے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،سرکاری سکولوں میں اساتذہ اپنی ڈیوٹی ریگولر بنیادوں پر دیں۔
انہوں نے کہا کہ محتسب کا ادارہ دو ہزار ایک میں قائم ہوا، اب تک گیارہ ہزار سے زائد کیسز کا فیصلہ انصاف اور میرٹ پر کر چکے ہیں جبکہ ہر مہینے سینکڑوں کیسز کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے کا انتہائی آسان طریقہ ہے سادہ کاغذ پر درخواست کے ہمراہ این ائی سی کی کاپی لگاکر ہمیں کسی بھی صوبائی یا ضلعی محکمے کے متعلق شکایت دی جائے، ہم فوری انصاف مہیا کر دیتے ہیں ذاتی نوعیت کے شکایت سے اجتناب کیا جائے۔
نذر محمد بلوچ نے کہا کہ ہمارے احکامات پر عمل نہ کرنے والے سرکاری افیسران کے خلاف سزا کا قانونی اختیار رکھتا ہوں ، کوئی بھی آفیسر اور محکمہ ڈیلیور نہیں کرسکتا تو اسکا کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے، عوام کی خدمت ہمارا اصل مقصد ہونا چاہیے۔
وفاقی محتسب کے ایڈوائزر غلام سرور بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اداروں جیسے بجلی ،سوئی گیس، نادرا، پاکستان ریلوے، پاکستان پوسٹ آفس، بیت المال، پاسپورٹ آفس ، یونیورسٹی اور دیگر اداروں کی بدامنی کے خلاف اگر آپ کی کوئی شکایت ہے تو آپ وفاقی محتسب سے رجوع کرکے گھر بیٹھے انصاف حاصل کر سکتے ہیں۔
کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے کی گئی شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔ اس موقع پر شہریوں نے عوامی مسائل سے انھیں آگاہ کیا۔
قبل ازیں صوبائی محتسب نذر بلوچ اور ایڈوائزر وفاقی محتسب غلام سرور بروہی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دفتر کا دورہ بھی کیا اور ان کے مسائل معلوم کئے۔