اسلام آباد،7نومبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم کے جموں وکشمیر کے بارے میں خصوصی نمائندے یوسف الدوبے نے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اورانھیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہے۔او ائی سی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی طویل عرصے سے حامی ہے۔
ان خیالات کا اظہار اانہوں نے اتوارکو کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بھی فلسطین کے مسئلے جیسا ہے کیونکہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اورانھیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ نے رواں سال ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر ایک اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کشمیریوں کی حمایت کی تھی۔
او ائی سی کے نمائندے نے کہاکہ وہ آزاد جموں وکشمیر کے دورے کے بعد ایک رپورٹ تیار کریں گے اور خطے کی صورتحال سے متعلق او آئی سی کے اگلے وزارتی اجلاس میں اسے پیش کریں گے ۔
او آئی سی کے خصوصی نمائندے سے ملاقات کرنے والے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد میں غلام محمد صفی ، فیض نقشبندی ، شیخ عبدالمتین اور الطاف وانی شامل تھے۔