اسلام آباد،30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قانون میں تبدیلی کے بعد الیکشن کمیشن کوآئندہ تمام ضمنی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ذریعے کروانے لازمی ہیں۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حصول، عملے کی تربیت، متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں، عوامی آگاہی مہم اور مقررہ وقت میں ترسیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آئندہ تمام ضمنی انتخابات ای وی ایم پر کرانے چاہئیں، اگر انتخابات ای وی ایم پر نہیں ہوتے تو حکومت اس کے لئے فنڈ جاری نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو اسی صورت فنڈز دے سکے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس معاملے پر پارلیمان کے مینڈیٹ کے مطابق آگے بڑھے اور انتخابی عمل کو ای وی ایم پر منتقل کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے دوران ووٹوں کو پیسوں سے خریدنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ کابینہ نے کہا کہ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات جمہوریت کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹ کے انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کے وقت نوٹس لیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک میں الیکشن کمیشن کا نظام شفاف ہونا بہت اہمیت کا حامل ہے، الیکشن کمیشن پر تمام لوگوں کا اتفاق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو وائرل ہونے والی ویڈیو کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے۔