اسلام آباد،29نومبر (اے پی پی):وزارت ریلوے اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے درمیان معاہدےطے پا یا ہے جس کے مطابق اخوت ریلوے کے ملازمین کو گھر بنانے کے لئے فنانس کرے گی ۔ معاہدے کی تقریب میں وزیر ریلوےاعظم خان سواتی اور دونوں اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔وزارت ریلوے کے ملازمین کیلئے ہاؤسنگ فنانس فراہم کرنے کا معاہدہ بھی ہوا۔
پاکستان ریلوے اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے کے کم آمدن ملازمین کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا،ریلوے کے نظام کو جدید نظام کے تحت اپ گریڈ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے میں محنت سے کام کرنے والوں کو مکمل سہولیات دی جائیں گی، ریلوے کے مزدوروں کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کم آمدن طبقے کو ترجیحی بنیادوں پر چھت دی جائے گی،پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ریلوے کے 7 مزدوروں کےلئے قرض منظور ہو چکا ہے۔
چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس موقع پر کہا کہ اخوت موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر محکمہ ریلوے کے ملازمین سمیت پولیس اور قلی حضرات کو بھی قرضے دےگا۔ریلوے کے ہر ملازم کو بلاسود قرض اپنا گھر بنانے کےلئے دیا جائے گا، اب تک 17 ہزار گھر وزیر اعظم کے کم لاگت ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بنائے گئے ہیں،ان گھروں کیلئے حاصل کی گئی رقم کی ریکوری 100 فیصد ہے،سرکاری سطح پر سب سے پہلے ریلوے ملازمین کو بلاسود قرض دیا جارہا ہے،اخوت نے مفت اعلی تعلیم کیلئے یونیورسٹی بنائی ہے، ریلوے ملازمین اس یونیورسٹی میں اپنے بچوں کو داخل کراسکتے ہیں،اخوت کی طرف سے کم آمدنی والے افراد کی بہتری کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔