ملتان، 26 نومبر (اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ نے ترقیاتی سکیموں کی انسپکشن کا آغاز کر دیا ،کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنرز کو ترقیاتی منصوبہ جات کے فنڈز کے آڈٹ کا ٹاسک دے دیا ۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ملتان ڈویژن کی تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں ، معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور ادھورا کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا ۔
کمشنر نے کہا کہ سرکاری محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو ترجیح بنائیں ، حکومت پنجاب سے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے مزید فنڈز طلب کرینگے ۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مکمل ہونیوالے ترقیاتی سکیموں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جائے ، واسا محکمہ ہائی ویز سے باہمی ربط بہتر بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد بحالی کے کام کو معیاری بنائے۔
ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 710 سکیموں پر کام جاری ہے، کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز3کی3ارب20کروڑکی349سکیمیں جاری ہیں جبکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام4کی14 ارب8 کروڑ80 لاکھ کی سکیمیں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ SAPفیش4 کی ڈویژن میں 652 سکیمیں جاری ہیں ۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ویڈیو لنک پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، افسران نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی ،وفاقی ترقیاتی محکموں کے افسران موجود تھے ۔