ملتان؛ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 16,000 ہیچری سے مسترد شدہ گندے انڈے تلف کر دئیے گئے

27

ملتان، 5 نومبر (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،  خراب انڈوں کی بڑی کھیپ پکڑلی گئی  ۔کارروائی کے دوران 16,000 ہیچری سے مسترد شدہ گندے انڈے تلف کر دئیے گئے ہیں ۔کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں پرانا شجاع آباد روڈ پر عمل میں لائی گئی ۔

اس حوالے سے  ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ خراب انڈوں کو ایک خفیہ سٹور میں چھپایا گیا تھا ،انڈوں کو مختلف بیکریوں پر خوراک کی تیاری کےلیے سپلائی کیا جارہا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بدبودار انڈوں سے کیک رس، بسکٹ اور دیگر بیکری آئٹمز تیار کیے جانے تھے ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا سٹور مالکان کو 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے ، مضرصحت انڈوں کو ویسٹ منیجمنٹ ڈمپنگ سائیٹ پر تلف کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیچری کے انڈوں کی خوراک میں ملاوٹ قانونًا جرم ہے۔