ملتان؛ یوریا کھاد کے گوداموں اور سیل پوائنٹس کی چیکنگ کا آغاز کردیا گیا

34

ملتان،28نومبر  (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ  ملتان  کی جانب سے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے یوریا کھاد کے گوداموں اور سیل پوائنٹس کی چیکنگ کا آغاز کردیا  گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان شہزاد صابرکے ہمراہ یوریا کھاد کا سٹاک اور سپلائی چیک کرنے کیلئے ضلع کے بڑے کھاد گوداموں اور سیل پوائنٹس چیک کئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان نے کھاد کے سٹاک رجسٹر اور سپلائی چین کی انسپکشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کھاد کے سٹاک رجسٹر اور سپلائی چین کی انسپکشن کی اور ڈیلرز کو ہدایت کی کہ یوریا کھاد کی سرکاری ریٹ 1768روپے پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیلرز زیادہ سے زیادہ مقدار میں یوریا کھاد منگوائیں اور کسانوں کو فراہمی میں تعطل نہ آنے دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران کسانوں سے بھی ملاقات کی اور انکے کھاد کی فراہمی کے حوالے سے مسائل دریافت کئے۔

 قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے ہمراہ چوک بی سی جی اور بہاولپور روڈ پر کھاد کی دکانوں اور سٹورز پر قائم سیلز پوائنٹس بھی چیک کئے اور موقع پر آئے ہوئے کسانوں سے یوریا کی قیمت خرید سے متعلق معلومات لیں۔کاشتکاروں نے بتایا کہ انہیں یوریا کھاد 1768 روپے فی بوری دستیاب ہے۔