ملتان ،05 نومبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر عملی کام کا آغاز،بابر چوک (وہاڑی روڈ)اور ایس پی چوک پر یادگاروں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لیڈیز پارک گلگشت، مدنی اور شاہ شمس پارک کی اپ گریڈیشن بھی اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی ہے، میٹرو روٹ کے پلرز پر ملتانی ثقافت سے مزین ڈیزائننگ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے لیڈیز پارک اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بلڈنگ کے تعمیراتی منصوبے کا دورہ کیا ہے۔انہوں نے پارک کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بیوٹیفکیشن پلان پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر اولیاء کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت اجاگر کرنا مشن ہے، بزنس کمیونٹی کے تعاون سے مختلف چوکوں اور گرین بیلٹس کو دیدہ زیب بنائیں گے، صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے محکوموں کو ٹاسک دے دیا ہے۔