ملک بھر میں چینی 90 سے 95 روپے میں دستیاب جبکہ کراچی میں سب سے زیادہ قیمتیں ہیں، چوہدری فواد حسین

18

اسلام آباد۔23نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چینی 90 سے 95 روپے میں دستیاب جبکہ کراچی میں سب سے زیادہ قیمتیں ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میڈیا سے گلہ شکوہ رہتا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کے معاملے میں زیادہ حساس ہے، جب قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو میڈیا میں ہیڈ لائنیں لگا دی جاتی ہیں لیکن جب کم ہوتی ہیں تو میڈیا لوگوں کو آگاہ ہی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چینی 90 سے 95 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، آئندہ 15 سے 20 دنوں میں چینی کی قیمت 80 سے 85 روپے تک آ جائے گی، ٹماٹر، پیاز اور ادرک کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں، فوڈ باسکٹ بیلنس ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کراچی میں قیمتیں پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں۔ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت صرف پالیسی دے سکتی ہے، اس پر عمل کروانا صوبوں کا کام ہے۔ ہم نے جب سندھ حکومت کو گندم ریلیز کرنے کا کہا تو نہیں کی، سندھ میں شوگر ملوں میں کرشنگ دیر سے شروع ہوئی جس کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے 40 فیصد ڈیٹا کی بنیاد کراچی کی قیمتیں ہیں، اس وقت پنجاب میں آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت 1100 روپے ہے جبکہ کراچی میں اس کی قیمت 1461 روپے ہے۔ چینی کی قیمت کراچی میں 107 روپے فی کلو جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، پشاور، بنوں تمام جگہوں پر 90 روپے فی کلو ہے۔ حیدر آباد میں بھی چینی 100 روپے فی کلو جبکہ آٹا کا 20 کلو گرام کا تھیلہ 1443 روپے میں مل رہا ہے۔ میڈیا سے گذارش ہے کہ وہ سندھ حکومت کو سمجھانے کی کوشش کرے، سندھ میں اربن ایریا کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، سندھ حکومت کے فیصلے بروقت نہیں ہوتے جس کی وجہ سے بہت بڑا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو اپنے معاملات ٹھیک کرنے چاہئیں۔