موسم سرماکیلئے مری میں محکمہ ہائی وے میں خصوصی یونٹ بنایاگیاہے، صوبائی وزیر مواصلات پنجاب سردارآصف خان نکئی

15

مری،09 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر مواصلات پنجاب سردارآصف خان نکئی نے کہا ہے کہ موسم سرماکیلئے مری میں محکمہ ہائی وے میں خصوصی یونٹ بنایاگیاہے، مری میں محکمہ کے پاس جدید مشینری،وسائل اورفنڈزبھی ہیں، برف باری کے موسم میں سڑکوں سے بروقت برف کی صفائی کو یقینی بنایاجائے گا تاکہ مری آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں برفباری کے موسم سے پہلے مری شہرکی سڑکوں کی ضروری تعمیر و مرمت کاکام مکمل کرلیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سردارآصف خان نکئی موہڑہ شریف مری میں میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔.

انہوں نے کہا کہ دوسال قبل موہڑہ شریف حاضرہواتوکلڈنہ موہڑہ شریف روڈ خستہ حال تھی جس سے مقامی آبادیوں کے ہزاروں لوگوں اورموہڑہ شریف آنے والے لاکھوں زائرین کوشدیدسفری مشکلات کاسامناکرناپڑتاتھاالحمداللہ اس روڈکی تعمیر مکمل ہوگئی ہے اوراس روڈکومکمل طورپرکنکریٹ کردیاگیاہے، یہ روڈعلاقہ مکینوں اور ملک بھر سے آنے والے زائرین کیلئے موجودہ حکومت کا تحفہ ہے اس روڈ کے شولڈرزکی تعمیرکیلئےبھی ہدایات  جاری کردی گئیں ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی  میں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں جبکہ کشمیری بازارموہڑہ شریف روڈکی تعمیربھی برفباری کا موسم بہتر ہوتے ہی  مکمل کردی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ مری شہرکی سڑکوں کی ضروری  تعمیر و مرمت کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ۔

اس موقع پر اورنگزیب عباسی کی سرپرستی میں علاقہ کے عوام کے نمائندہ وفد نے کلڈنہ موہڑہ شریف روڈ کی تعمیر پر صوبائی وزیر سردارآصف خان نکئی کاشکریہ اداکیاگیااس موقع پر سرداریوسف ایوب اور راجہ اعجاز بھی موجود تھے۔