اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے سابق چیف جسٹس کی جعلی ویڈیوز جاری کرنے کا مقصد عدلیہ پر دباؤ ڈالنا ہے۔ سپریم کورٹ بار کی جانب سے لاہور میں ہونے والی کانفرنس کے دوران ججوں اور فوج کے خلاف تقاریر سے لاتعلقی کا اظہار خوش آئند امر ہے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو مشورہ دیا تھا کہ وہ غیر جانبدار رہے اور آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔ سابق جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی آڈیو کے حوالے سے سما ٹی وی نے جس طرح کچا چھٹا کھولا، قابل تعریف ہے، ن لیگ کی طرف سے پہلے بھی اس طرح کی ویڈیو جاری کی جا چکی ہیں، جعلی ویڈیوز بنانے کا مقصد عدلیہ کو دبائو میں لانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ”مجھے کیوں نکالا“ کی مہم میں جس طرح فوج پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی، اسی طرح ان کا خیال تھا کہ جج بھی دبائو میں آ جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب کیسز چلنا شروع ہوتے ہیں تو اس طرح کی مہم چلائی جاتی ہے کہ شاید ججز دبائو میں آ جائیں، امید ہے عدلیہ اس طرح کے دبائو کو مسترد کرے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مریم نواز کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے، لوگوں کی ٹیپیں بنوانا، ان کی فیک لیکس تیار کرنا ان کا پرانا کام ہے، فیک لیکس تیار کرنے کے لئے مریم نواز نے ٹیم بنا رکھی ہے، ان کا خیال ہے کہ ججز اور دیگر اکابرین اس طرح دبائوﺅ میں آ سکتے ہیں، شاید اپنی پارٹی کو بھی قابو میں کرنے کے لئے وہ اس طرح کی ویڈیوز تیار کرواتی ہوں گی۔