بورے والا،29 نومبر(اے پی پی ): پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح بورے والا میں بھی ریسکیو 1122 کی طرف سے پاکستان لائف سیونگ پروگرام کے تحت کالجز میں تربیتی سیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔مقامی نجی کالج میں منعقدہ تربیتی سیشن میں زیر تربیت ماسٹر ٹرینی اساتذہ اور طلباء کو ریسکیو عملہ کی طرف سے کسی بھی ناگہانی صورت میں بند دل کو چلانے اور خون کے بہاو کو روکنے کے لئے مختلف مہارتوں کے ذریعے عملی تربیت دی جارہی ہے ۔
کالج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایسے سیشن کا انعقاد تعلیمی اداروں میں بہت ضروری ہے جس سے کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں انسانی جان بچانے کے لئے دی جانے والی اس تربیت کے اچھے نتائج مرتب ہونگے۔
انچارج ریسکیو سیفٹی انچارج عبدالجبار کا کہنا تھا کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں زیادہ اموات دل بند ہو جانے اور خون زیادہ بہنے سے ہوتی ہیں انکی روک تھام کے لئےاساتذہ اور طلباء کو یہ تربیت دی جارہی ہے۔
ریسکیو 1122 کی طرف سے تعلیمی اداروں میں ایسے تربیتی سیشن کا انعقاد بلاشبہ بہت مفید ہے جس سے حادثات میں دل کی بندش اور خون زیادہ بہنے سے ہونے والی اموات کو روکنے میں مدد ملے گی۔