وزارت اطلاعات مریم صفدر کی مبینہ آڈیو کے معاملے کی انکوائری کر رہی ہے، کچھ روز تک تحقیقات مکمل ہو جائیں گی؛وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

34

اسلام آباد،29نومبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وزارت اطلاعات معاملے کی انکوائری کر رہی ہے، کچھ روز تک مریم صفدر کی آڈیو سے متعلق تحقیقات مکمل ہو جائیں گی، 2008 سے اب تک اشتہارات کی تفصیلات پر رپورٹ پیش کریں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس   کو   بریفنگ کے دوران کیا۔قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس پیر کو چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا، اجلاس میں ن لیگ کے دور حکومت میں میڈیا چینلز کو اشتہارات دینے کا معاملہ زیر غور آیا۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم صفدر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وزارت اطلاعات معاملے کی انکوائری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ روز تک مریم صفدر کی آڈیو سے متعلق تحقیقات مکمل ہو جائیں گی، 2008 سے اب تک اشتہارات کی تفصیلات پر رپورٹ کمیٹی کو پیش کردیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے کچھ چینلز کو اشتہارات نہ دینے کی بات کی تحقیقاتی کمیٹی اس بات کو بھی دیکھ رہی ہے کہ مریم صفدر نے کس حیثیت میں یہ ہدایت کی۔انہوں  نے کہا کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کہ ن لیگ کے دور میں اشتہارات دینے کا میکنزم کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اشتہارات کے رکنے سے آزادی صحافت کے متاثر ہونے کے پہلو کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

 چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کسی کو بہت ذیادہ اشتہارات مل رہے ہیں اورکسی کو نہ ہونے کے برابر ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ن لیگ دور حکومت میں میڈیا چینلز کو دیئے گئے اشتہارات کی تفصیلات طلب کر لیں۔