وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں ، وفاقی وزیر اسد عمر کاجنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس سے خطاب

12

کوئٹہ۔5نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی  و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، اے سی ایس ترقیات حافظ عبدالباسط، متعلقہ سیکرٹریز و دیگر حکام شریک تھے۔ وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں اور بلوچستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ 600 ارب روپے لاگت کے میگا پروجیکٹس سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور بلوچستان کی ترقی ملکی ترقی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پیکیج بلوچستان کے عوام کے لیے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج کا خاص مقصد معاشی و سماجی ترقی کے ذریعے صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور کرنا ہے اورآگے بڑھنے کے یکساں مواقع سمیت عوام کی ترقی کے ایک نئے عہد کا آغاز کرنا ہے۔چیف سیکرٹری نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی، مختلف اضلاع میں نرسنگ ریزیڈنشل کالجز کی تعمیر، ماربل،کرومائیٹ، ڈیٹ پروسیسنگ پلانٹ کا قیام،  گرینائٹ کی صنعتوں کا قیام، روڈ نیٹ ورک سمیت اہم منصوبے پیکیج میں شامل ہیں اس کے علاوہ صوبے میں زراعت مقامی لوگوں کے لئے معاش کا اہم ذریعہ ہے جس کے لیے لوگوں کو پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ڈیموں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلیے ٹیلی ایجوکیشن کی سہولت بھی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے مقامی لوگوں کی تقدیر بدل جائیگی۔