وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عالمی مہنگائی کا اثر پاکستانی عوام پر کم سے کم ہو؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

20

کراچی،5نومبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عالمی مہنگائی کا اثر پاکستانی عوام پر کم سے کم ہو۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں  عالمی سطح پربڑھ رہی ہیں، ہم نے پیٹرولیم لیوی نہیں بڑھایا، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں مہنگائی کا پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

  جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے غریب آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے،ہر جگہ ان کی نالائقی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وزیر اعظم کفالت احساس پروگرام میں شامل نہیں ہوئی، اگر ہمارے پروگرام سے مسئلہ ہے تو غریب آدمی کے لیے سندھ حکومت کوئی پروگرام لے آئے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے، سندھ حکومت وزیر اعظم  احساس کفالت پروگرام میں شامل نہیں ہوئی ، ہر جگہ ان کی نالائقی عیاں ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ صحت کارڈ کے معاملے میں بھی سندھ حکومت اعتراض کرتی ہے، وفاق نے سندھ حکومت کو تین سال کے اندر انیس سو ارب روپے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیسے کہاں خرچ ہوئے، یہ پیسے بھی کرپشن کی نظر ہوگئے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت کا راج ہے، ناظم جوکھیو کے قتل کی ایف آئی آر بھی پی ٹی آئی کے اراکین نے کٹوائی ہے۔