اٹک،29 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سید ذوالفقار بخاری نے خصوصی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور او ر ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے وزیر اعلیٰ سے ضلع اٹک کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے گزارشارت بھی پیش کیں ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بھی ضلع اٹک میں ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی اوراور کہا کہ اٹک کی ترقی کیلئے رواں مالی سال میں20 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج رکھا گیا ہے، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت اٹک میں 93 سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کو 2018سے اب تک 56ارب روپے کاترقیاتی بجٹ دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ دورحکومت میں 2013 سے 2018تک اٹک کو صرف20ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی بنایا جا رہا ہے جس پر 5ارب32 کروڑروپے لاگت آئے گی جس سے اٹک میں صحت کی سہولتو ں کی اپ گریڈیشن سے نا صرف اٹک بلکہ خیبر پختونخوا کے 3ملحقہ اضلاع صوابی، نوشہرہ اور ہری پور کے عوام بھی مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اٹک میں ڈی ایچ کیو میں 100 بیڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے ، اٹک شہر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی خدمت حکومت کا فرض ہے۔
اس موقع پر سید زلفی بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اٹک میں خصوصی دلچسپی پر عوام کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک کی تعمیر و ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر آپ کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹک کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے عثمان بزدار کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔