وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اٹک میں صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

21

اٹک ،5نومبر ( اے پی پی ):  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  سے  صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ۔ دوران ملاقات گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اٹک کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں، اٹک کو ماضی کی حکومت نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں اٹک کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا گیا،تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کے عوام کو ان کا حق واپس کیا ہےاٹک تحریک انصاف قلعہ ہے اور قلعہ رہے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  جتنے ترقیاتی کام موجودہ دور میں اٹک میں ہوئے ہیں، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔اٹک میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ،منتخب نمائندے اور تحریک انصاف کے عہدیداران میرے دست و بازو ہیں ان کی مشاورت کے ساتھ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے لے کر جا رہے ہیں، اپوزیشن عناصر ترقی مخالف ایجنڈے پر چل رہے ہیں، تنقید کرنے والے پیچھے رہ گئے ہیں اور نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزرا،ڈاکٹر یاسمین راشد، سید یاور عباس بخاری، ملک محمد انور،ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق، ایم پی اے   ملک جمشید الطاف، پاکستان تحریک انصاف ضلع اٹک کے صدر قاضی احمد اکبر، چیئرمین ضلع کونسل ایمان طاہر، ٹکٹ ہولڈرز ملک خرم علی خان، اکبر خان تنولی اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قاضی احمد اکبر کے والد قاضی خالد محمود کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔