وزیر اعظم عمران خان نے انہیں ووٹ کا حق دیکر اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے؛ شہباز گل

28

منڈی بہاءالدین، 20 نومبر (اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے  کہ اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے انہیں ووٹ کا حق دیکر اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔

وہ یہاں پاہڑیانوالی کے نواحی علاقہ چک مٹھا میں واٹر فلڑیشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ہر چیز کمپیوٹرائزڈ  ہے تو کمپیوٹر ووٹ ڈالنے پر اعتر اض کیوں ہے، یہ اقتدار سے محروم ٹولہ مرے ہوئے لوگوں کے ووٹ ڈال کر جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے کے عمل کو برقرار رکھنا چاہتا ہے کیونکہ کمپیوٹرائزڈ مشین نے مرے ہوئے شخص کا ووٹ کاسٹ نہیں کرنا۔

 شہباز گل نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ ووٹنگ کا عمل شروع کرنے سے ایک گاؤں میں 25 ہزار ووٹ ڈال کر دوسرے گاوں میں پھر 25 ہزار جعلی ووٹ ڈالنے کے عمل کو ختم ہونے سے انکی راتوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 80 فیصد اوورسیز مڈل ایسٹ میں بیٹھا ہے۔

 وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جسے چیلنجز کا سامنا ہے، اپوزیشن نے رخنا ڈالنے کی ہمیشہ کوشش کی، دوسری طرف عمران خان کو ملک کو معاشی دیوالیہ سے نکالنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران سے آج بھی حکومت نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، پوری دنیا میں مہنگائی ہے، ہماری کوشش ہے اس مہنگائی کو نیچے لیکر جائیں۔