وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پنجاب سپورٹس جمنازیم میں 52ویں اینگرو نیشنل والی بال چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا

30

لاہور،27 نومبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کے روز پنجاب سپورٹس جمنازیم میں 52ویں اینگرو نیشنل والی بال چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا ۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب  صدر فیڈریشن چوہدری افتخار سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔ چیمپئن شپ میں آرمی  ایئرفورس  واپڈا  ریلوے  ہائر ایجوکیشن کمیشن  خیبر پختونخوااور سندھ سمیت 15ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے پاکستان والی بال فیڈریشن کو چیمپئن شپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور حکومت کی طرف سے ملک میں والی بال کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے مزید ایک اور چینل شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین کی طرف سے والی بال کو کرکٹ کے بعد دوسرے نمبر کاکھیل کہا گیا لیکن خطہ پوٹھوہار میں والی بال کے کھیل کو اہم مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے والی بال فیڈریشن پر زور دیا کہ آپ والی بال کے کھیل کے لئے آگے بڑھیں،  پی ٹی وی اس سلسلے میں تعاون کرے گا جبکہ اس کے لئے فنڈزبھی فراہم کئے جائیں گے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں والی بال کابہترین انفراسٹرکچر موجود ہے  ہم والی بال کے کھیل کو فروغ دے سکتے ہیں۔

قبل ازیں چیئرمین والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 12سے 19ستمبر کو ہونے والی ایشیئن چیمپئن شپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا جیسی ٹیم کو شکست دی جبکہ 2018میں جکارتہ میں ہونے والی ایشیئن گیمز میں بھارت کو شکست دی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگروالی بال کے کھیل کی پذیرائی کی جائے تو پاکستان اولمپک کے لئے کوالیفائی کر لے گا۔ چیمپئن شپ 4دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔