نئی دہلی۔22نومبر (اے پی پی):پاکستانی زائرین کے وفد کی دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاؒ کی درگاہ پر حاضری، زائرین نے پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان اور سفارت کاروں کے ہمراہ حضرت نظام الدین اولیاؒ کے مزار پر چادر چڑھائی۔ یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق حضرت نظام الدین اولیاؒ کے 718 ویں عرس مبارک میں شرکت کے لئے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے جوائنٹ سیکریٹری امجد علی کی قیادت میں پاکستانی زائرین کا 60 رکنی وفد 18 سے 25 نومبر 2021 تک نئی دہلی، بھارت کے دورہ پر ہے۔ درگاہ شریف پر پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان اور پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارت کاروں کا پاکستانی زائرین کے وفد کے ہمراہ سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے دیگر اہم اراکین نے خیرمقدم کیا۔ زائرین نے چادر چڑھانے کے بعد خصوصی دعا کی۔ سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے ناظم الامور اور زائرین کے گروپ لیڈر کی دستاربندی کی۔ زائرین نے درگاہ کے احاطہ میں موجود حضرت امیر خسروؒ کی درگاہ پر بھی حاضری دی اور دعا کی۔ حضرت نظام الدین اولیاؒ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے تیسرے روحانی جانشین تھے۔ سلسلہ چشتیہ کے 14 ویں صدی کے صوفی بزرگ حضرت نظام الدین اولیاؒ کا سالانہ عرس ہر سال عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ حضرت نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں پاکستان سمیت متعدد ممالک سے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ پاکستانی زائرین مقدس مقامات کے دورہ کے بارے میں 1974 کے پاکستان۔ بھارت پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت عرس مبارک میں شرکت کرتے ہیں۔