پاکستانی کھانے دنیا بھر میں مشہور ،   گوشت، دالیں، سبزیاں اور تمام قسم کے حلوا جات  ذائقوں سے بھرپور ہیں؛ پاکستانی سفیر اسد مجید  خان

28

واشنگٹن ڈی سی،09 نومبر(اے  پی پی ):امریکہ میں  پاکستان کے سفیر اسد مجید  خان نے  کہا ہے   کہ  پاکستانی کھانے دنیا بھر میں مشہور ہیں ، جو کہ ترکش، فارسی ، وسطی ایشیا ء اور بر صغیر کے روایتی کھانوں پر مشتمل ہیں، پاکستانی کھانے جن میں گوشت، دالیں، سبزیاں اور تمام قسم کے حلوا جات شامل ہے ، ذائقوں سے بھرپور ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے ڈی سی پبلک سکولز میں کھانوں/ پکوان کے  عالمی دن کی مناسبت  سے   اپنے   ویڈیو  پیغام  میں کیا۔سفیر  پاکستان نے  اپنے  پیغام  میں  ڈی سی پبلک سکولز کے طلباء اور معلمین کو پکوان ڈے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے  جو  سندھی، گندھارا اور مہر گڑھ تہذیبوں کا وارث ہے۔انہوں نے   کہا کہ  مجھے یقین  ہے کہ کھانوں/ پکوان کے عالمی  دن  پر آج دوپہر کے کھانے میں ڈی سی پبلک سکولز کے طلباء اور معلمین ذائقے سے بھرپور پاکستانی آلو چنا سالن سے لطف اندوز  ہوں  گے ۔

واضح ر ہے کہ آج( 9 نومبر ) ڈی سی پبلک سکولز میں کھانوں/ پکوان کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے روایتی پاکستانی ڈِش آلو چنا سالن کا انتخاب کیا گیا ہے جو کہ تمام ڈی سی پبلک سکولز میں دوپہر میں پیش کیا  گیا۔اس موقع پر تمام سکولز میں پاکستانی کھانوں سے متعلق ایک ڈاکومینٹری بھی پیش کی  گئی  جس میں پاکستانی کھانوں کو متعارف کرایا  گیا جبکہ سفارتخانہ پاکستان کی ترجمان ملیحہ شاہد کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھی سنایا گیا۔