پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

26

اسلام آباد،18نومبر(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔تاریخ اور جغرافیائی سیاست کے اس اہم موڑ پر ، ہم امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کے متمنی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفد سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزارتِ خارجہ میں  وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ افغانستان میں صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، پاکستان کے لیے، ایک قریبی پڑوسی ہونے کے ناطے، پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے وفد کے اراکین کو آگاہ کیا کہ 11 نومبر 2021 کو پاکستان نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے  چین، روس اور امریکہ پر مشتمل ٹرائیکا پلس کے اجلاس میں انسانی بحران کو روکنے کی ضرورت، افغانستان سے انخلا کے لیے محفوظ راستے کی فراہمی ، ایک جامع حکومت کی تشکیل، تمام افغانوں کے حقوق کا احترام بشمول خواتین کے مساوی حقوق، لڑکیوں کی تعلیم اور دہشت گردوں کے ذریعے افغان سرزمین کے استعمال کی روک تھام جیسے مشترکہ اہمیت کے حامل اہداف پر گفتگو کی گئی۔