اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مذہب، عقائد اور اسلامی بھائی چارے کی باہمی روایات پر مبنی ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں بحرین کی مجلس شوریٰ کی سپیکر فازیہ بنت عبداللہ سے ملاقات میں کیا، جنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سات رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کرکے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن بحرین اور پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو بحرین کی ترقی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔