لاہور، 6 نومبر (اے پی پ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر سے آنیوالے سیاحوں کو سیکورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے ہفتہ کو یہاں ترک ڈرامہ ارتغرل غازی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ کردارترگ الپ ،بامسی بے اور سلیجان خاتون کے اعزاز میں گوہر اعجاز کیجانب سے دئیے گئے ناشتےمیں شرکت کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب نے پاک ترک دوستی کو مثالی قرار دیااور مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کے اتحاد کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں رہی ۔
اس موقع پر ترک فنکاروں نے گوہر اعجاز کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا اور خیر سگالی کے جذبات اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ملنے والا پیار اور پُرتپاک استقبال کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، پاکستان آکر ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنے ہی گھر آئے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل گورنر نے ترک مہمان اداکاروں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے ارطغرل غازی ڈرامہ کو فخر سے دیکھا ہے۔ ڈرامہ میں دکھائی جانے والی تاریخ سے مسلم امہ کے علاوہ پوری دنیا آگاہ ہوئی ۔ مسلمانوں نے آدھی دنیا فتح کی اور انصاف کیساتھ دنیا کے نظام کو چلایا۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمان زوال کا شکار اور ان کا زیرو اثرورسوخ رہ گیاہے ،مسلمان آج تقسیم ہیں مگرانھیں ایک ہونا ہوگا۔
گورنر پنجاب نے مہمانوں سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ آپ لوگوں نے پوری دنیا میں اپنا نام بہت محنت سے بنایا ہے، ترکی کے لوگوں سے پاکستانی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلافت عثمانیہ جب مشکل میں تھی یہاں خواتین نے زیور بیچ کر خلافت سے محبت کا اظہار کیا تھا۔