پنجاب میں مزدور کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے ؛ صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نیازی

48

لاہور، یکم نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کوآپریشن کے تعاون سے پنجاب حکومت اور وزارتِ لیبر کے ادارے پنجاب سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن نے صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نیازی کی سربراہی میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ایکٹ 2021 کو دور حاضر کے مطابق ڈھالنے کیلئے مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نیازی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ایونٹ 1966 میں بننے والے سوشل سیکورٹی ایکٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے منعقد کیا گیا ہے، ماضی کی کسی حکومت نے محنت کش طبقات کی فلاح و بہبود پر توجہ نہیں دی، گزشتہ تین برسوں میں حکومت نے ہمارے ادارے میں آٹومیشن کا انقلاب برپا کیا اب ادارے کو آنے والی بیشتر کنٹری بیوشن آن لائن آتی ہے جس کا ریکارڈ قطعی طور پر شفاف ہوتا ہے اور  سوشل سیکورٹی ہسپتال بھی پیپرلیس کر دیا گیا ہے۔

عنصر مجید خان نیازی  نے کہا کہ   احساس پروگرام سے پہلے ہمارے ڈپارٹمنٹ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی تھی جس کے نتیجے میں آج مزدور کارڈ ایک حقیقت بن رہا ہے جس کا افتتاح بہت جلد وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں ورکرز ویلفئر فنڈ کا قیام بھی کر دیا گیا ہے، اب محنت کش طبقہ کم از کم اجرت سے اوپر اٹھ کر زیادہ کمائی کرنے کے قابل ہو جائے گا۔