چاغی،06نومبر(اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع چاغی میں بھی خسرہ اور روبیلا کے خلاف 12 روزہ ویکسینیشن مہم 15 نومبر سے شروع ہوگی۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کہور خان بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی، یونیسیف کے کنسلٹنٹ حفیظ اللہ شہی، ڈی ایچ سی ایس او تاج سنجرانی، ایم این ای آفیسر سعید میراور ڈبلیو ایچ او کے ڈسٹرکٹ مانیٹر شاہ جہاں بلوچ نے دالبندین میں محکمہ صحت کے کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم 15 سے 27 نومبر تک جاری رہے گی جس کے دوران نو ماہ سے پندرہ سال تک کے بچوں اور بچیوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے علاوہ مطلوبہ عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ انہوں نے میڈیا اور عوام سے گزارش کی کہ وہ اس سلسلے میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اس سلسلے میں لوگوں میں شعور و آگاہی اجاگر کر کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ خسرہ اور روبیلا کے بیماریوں کی وجہ سے بچوں میں اموات اور دیگر جسمانی کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں اگر ان کیسز پر قابو نہیں پایا گیا تو مستقبل میں اموات زیادہ ہوں گے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ایک صحت مند مستقبل کے لئے اپنے بچوں کو یہ ویکسین ضرور لگوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مائیکرو پلان کے تحت ضلع چاغی کے تمام علاقوں میں 131 مجموعی ٹیمیں گھر گھر جاکر اور فکس سینٹرز میں 106617 بچوں اور بچیوں کو ویکسین لگائے جائیں گے جبکہ 44207 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔