چنیوٹ ،27 نومبر (اے پی پی ): ڈی پی او کیپٹن(ر)بلال افتخار کی ہدایت پر چنیوٹ پولیس کیجانب سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کی گئی، جس دوران ڈکیتی،راہزنی،چوری کی سنگین وارداتوں میں مطلوب ڈکیت گینگز کے27ملزمان گرفتار کر لیے گئے جبکہ 85لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ،26موٹرسائیکل،20بھینسیں،گائے،گھریلو سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او چنیوٹ کیپٹن(ر)بلال افتخار نے پریس کانفرس میں کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے، اس سلسلہ میں تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے۔ضلع چنیوٹ میں چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی چنیوٹ پولیس کو لوگوں کی جان و مال،عزت و آبرو کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ پولیس نے شبانہ روز محنت کرکے ڈکیتی،راہزنی،چوری کی سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈکیت گینگز کے 27ملزمان کو گرفتارکیا، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 85لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ نقدی،مال مسروقہ،طلائی زیورات سونا چاندی،مال مویشی بھینسیں،گائے مسروقہ موٹرسائیکل،گھریلو سامان پنکھے،کپڑے،موبائل فون وغیرہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیاگیا ہے ۔ملزمان کے قبضہ سے20مسروقہ گائے بھینسیں، 31لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات سونا چاندی،مسروقہ نقدی،موبائل فون،گھریلو سامان برآمد کیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے 26 مسروقہ موٹرسائیکل، غیر قانونی اسلحہ 16پسٹل،3کلاشنکوفیں،3بندوقیں،1رائفل معہ سینکڑوں گولیاں برآمدکی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھانہ محمدوالا پولیس نے 55لاکھ روپے سے زائد مالیت کامال مسروقہ،تھانہ سٹی پولیس نے11لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 16مسروقہ موٹرسائیکل،تھانہ لنگرانہ پولیس نے 10لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ،تھانہ لالیاں پولیس نے 3لاکھ روپے زائد مالیت کا مامسروقہ،4موٹرسائیکل،تھانہ چناب نگر پولیس نے 4موٹرسائیکل برآمدکیے۔
ڈی پی او چنیوٹ نے کہا کہ ایس ایچ او محمد والا اسداللہ ایس آئی،ایس ایچ او سٹی انسپکٹر اعجاز عمران،انچارج سی آئی سٹاف سٹی سرکل نصراللہ خان اے ایس آئی،ایس ایچ او تھانہ لنگرانہ انسپکٹر بابر نواز،ایس ایچ او لالیاں اسد عباس ایس آئی،ایس ایچ او چناب نگر فرخ تحسین ایس آئی نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاں کیں ،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔انشاء اللہ ضلع چنیوٹ سے جرائم پیشہ عناصر کا صفایاکیا جائے گا۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ پولیس نے 50سے زائد مقدمات یکسو کیے جبکہ مال مسروقہ برآمد کرکے مدعیان کے حوالے کیاگیا۔ مدعیان نے مال مسروقہ واپس ملنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔اس سلسلے میں ڈی پی او نے اچھی کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔