اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے استعمال کے لئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ کمیٹی میں وفاقی وزراءشبلی فراز، اعظم سواتی، امین الحق، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی جامع لائحہ عمل اور طریقہ کار طے کرے گی جس کے ذریعے آئندہ شفاف انتخابات کرائے جا سکیں اور بیرون ملک پاکستانی بھی اپنے ووٹ کا استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جو بھی معاونت درکار ہوگی ہم مہیاءکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ہر صورت الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر ہوں گے، 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیز اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ کو ہمارا مشکور ہونا چاہئے کہ پہلی بار نواز شریف کے بیٹے بھی پاکستان کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئے اہل ہوں گے۔